اس کورس میں نبی کریم ﷺ کی خاندانی زندگی کے تمام پہلوؤں کا بہت احتیاط سے جائزہ لیا گیا ہے۔ مقصد صرف واقعات کو بیان کرنا نہیں، بلکہ ان میں چھپی ہوئی حکمت، روحانی بصیرت اور دائمی اصولوں کو آج کے دور کے لیے قابلِ عمل نمونے کی صورت میں واضح کرنا ہے۔ کورس کا تحقیقی طریقہ کار ، مکمل طور پر معتبر مآخذ اور علمی اصولوں پر قائم ہے، تاکہ ہر مثال و اصول مضبوط شہادت پر مبنی ہو اور سیرت کا شفاف، حقیقی نقش سامنے آئے۔
تحقیق کی ترتیب کچھ یوں ہے
- قرآن مجید: سیرتِ طیبہ کا اولین اور حتمی ماخذ ہے جو واقعات، احوال اور نافذ کردہ تعلیمات کے ساتھ اخلاقِ نبوی اور اسوۂ حسنہ کی قطعی سند ہے۔
- مستند احادیث: صحاحِ ستہ اور دیگر معتبر کتب میں نبی کریم ﷺ اقوال، افعال اور تقریرات کے ذریعے خاندانی زندگی کے تمام پہلو مذکور ہیں۔ علمِ حدیث کے اصول (اسناد و رواۃ کی جانچ) کے ذریعے صحیح و ضعیف کے فرق کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
- ابتدائی کتبِ سیرت و مغازی مثلا ابنِ اسحاق کی السیرۃ النبویۃ اور اس کی تہذیب شدہ شکل سیرت ابن ہشام جس کا تاریخی تسلسل اور صدیوں پر محیط قبولیت مستند ہے، اسی طرح ابنِ سعد کی الطبقات الکبریٰ کے ابتدائی حصے ، بیش قیمت مصدر ہیں۔
اس کورس میں پیش کیے گئے تمام واقعات اور اصول مستند، قابلِ اعتماد اور عملی رہنمائی فراہم کرنے والے ہیں، تاکہ عام لوگوں کو خاندانی زندگی میں اسوۂ حسنہ کا واضح، مستند اور قابلِ اتباع نقشہ ملے۔
